ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اسمبلی میں وزراء کی غیر حاضری پر اپوزیشن برہم

اسمبلی میں وزراء کی غیر حاضری پر اپوزیشن برہم

Tue, 12 Jul 2016 11:35:43  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو11؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی اسمبلی میں آج جب اپوزیشن پارٹیاں ڈی وائی ایس پی گنپتی کی مبینہ خود کشی کے مسئلے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لینے کیلئے کمر بستہ تھیں تو ایوان میں متعدد وزراء بشمول وزیر اعلیٰ سدرامیا کی غیر حاضری پر ان اپوزیشن اراکین نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ وقت مقررہ سے آدھا گھنٹہ تاخیر سے ایوان کی کارروائی کی شروعات کے باوجود بھی ایوان میں وزراء کی غیر موجودگی پر اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر ، بی جے پی کے وشویشورہیگڈے کاگیری ، وائی اے نارائن سوامی وغیرہ نے حکمران بنچوں کی خالی نشستوں کی طرف اشارہ کیا اور کہاکہ وزراء کی قطار میں صرف وزیر برائے پارلیمانی امور ٹی بی جئے چندرا موجود ہیں،جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس حکومت کو کسی بھی مسئلہ سے دلچسپی نہیں ہے۔ گنپتی کی خود کشی کے معاملے پر تحریک التواء پر بحث کیلئے نوٹس دئے جانے کے باوجود حکومت نے ایسا لگتا ہے کہ معاملہ سنجیدگی سے نہیں لیا ہے۔اس مرحلے میں مداخلت کرتے ہوئے جنتادل (ایس) کے ایچ ڈی کمار سوامی نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کے دفتر میں بیٹھ کر اپوزیشن پارٹیوں کی تنقیدوں کا جواب کس طرح دیا جائے، اس سلسلے میں شاید بحث ہورہی ہوگی۔ اس مرحلے میں ٹی بی جئے چندرا نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیاں اگر بحث شروع کرنا چاہتی ہیں تو کرسکتی ہیں ۔اس پر اپوزیشن ممبران طیش میں آگئے اور کہاکہ وزراء کی غیر موجود گی میں کسی بھی طرح کی بحث فضول ہوگی۔


Share: